حرم مطہر حضرت فاطمہ معصومہ (س) میں بر صغیر ھند و پاک کے بعض خطباء کا مشترکہ اجلاس حرم مطہر نیوز: قم میں حرم مطہر حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا میں حرم مطہر کے اردو زبان کے خطباء کا اجلاس حجت الاسلام و المسلمین حسن جہانگیری اور حجت الاسلام و المسلمین سید شہنشاہ حسین نقوی کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اس اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ باہمی تعاون کے ساتھ منبر اہلبیت علیھم السلام سے اسلام ناب محمدی اور معارف اسلامی کی ترویج و اشاعت کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے اور اس کام کے لئے سب سے بہتر اور مناسب جگہ منبر حرم کریمہ اہلبیت علیہم السّلام ہے جہاں سے پوری دنیا کے مؤمنین کے لئے اتحاد، یکجہتی اور ہمدلی کا پیغام جا سکتا ہے ۔ حجت الاسلام آقا جہانگیری نے بیان کیا کہ بین الاقوامی دفتر شعبہ اردو کی جانب سے 12 سال سے مسلسل اردو زبان میں مجالس ،محافل اور معرفتی پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں جن میں دنیا بھر کے اردو زبان زائرین اور مجاورین کی بڑی تعداد شریک ہوتی ہے ۔ اس نشست میں پاکستان کے ممتاز عالم دین حجت الاسلام سید شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روایات میں بیان ہوا ہے کہ قم مرکز نشر معارف اہلبیت علیھم السلام ہے جہاں سے پوری دنیا میں معارف ناب اہلبیت نشر ہونے ہیں جس کی بڑی دلیل حوزہ علمیہ قم میں علوم دینی کے حصول کے لئے پوری دنیا کے طلباء کا حضور ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہندوستان کے ممتاز عالم دین حجت الاسلام سید ذاکر حسین جعفری نے کہا کہ شیعیان حیدر کرار کے لئے سب سے اہم چیز علماء اور مؤمنین کے درمیان وحدت ہے۔ جس کے لئے ہمیں سال میں متعدد جلسات اور نشستیں منعقد کرنے کی ضرورت ہے ۔اجلاس میں بعض دیگر خطباء نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس اجلاس میں ماہ محرم اور ماہ رمضان میں تبلیغ کے لئے جانے والے علماء کے درمیان ہمفکری کی تاکید کی گئی تاکہ تمام علماء و خطبا ایک ہی موضوع پر گفتگو کریں جو تمام دنیا کے مؤمنین کے لئےمفید اور فائدہ مند ثابت ہو ۔