عرفہ کا دن عید قربان سے ایک دن پہلے کا دن ہے جو مسلمانوں کے نزدیک سال کے باربرکت دنوں میں سے ایک ہے ۔ اس دن کے لئے متعدد اعمال بیان کئے گئے ہیں جن میں سے سب سے زیادہ تاکید توبہ و استغفار، زیارت امام حسین علیہ السلام، اور دعائے عرفہ کی ہے۔
عرفہ کے دن کی عظمت کے بارے میں ائمہ علیہم السلام سے بہت زیادہ روایات بیان ہوئی ہیں جن میں اس دن کو گناہوں سے بخشش اور دعاؤں کی قبولیت کا دن بتایا گیا ہے
ائمہ علیہم السلام لوگوں کو اس دن کی عظمت کے بارے میں خاص وعظ و نصیحت فرماتے اور سائلین کو آج کے دن خالی نہیں لوٹاتے تھے۔
امام سجاد علیہ السلام نے عرفہ کے دن ایک سائل کو دیکھا جو لوگوں سے سوال کر رہا تھا امام علیہ السلام نے اس فقیر کو کہا کہ وائے ہو تم پر ! اس بابرکت دن میں تم لوگوں سے سوال کر رہے ہو۔۔؟جبکہ اس دن امید کی جاتی ہے کہ جو بچہ شکم مادر میں ہے اللہ سبحانہ کی رحمت اس کے بھی شامل حال ہو اور وہ سعادتمند ہو جائے۔
امام حسین علیہ السلام کی دعائے عرفہ جو اسلامی اور اعتقادی علوم و معارف کا بحر بیکراں ہے اس میں ایسے مضامین شامل ہیں جو ایک تشنگان علوم کو ہمیشہ سیراب کرتے رہیں گے جیسے اللہ سبحانہ و تعالی کی معرفت ، صفات الہٰی کا بیان، اللہ تعالیٰ کے ساتھ تجدید عہد و پیمان، اور اسکے بھیجے ہوئے پیغمبروں کا عرفان، آخرت کے لئے دعوت فکر ، بنیادی اور مثبت عقائد کا بیان، اللہ تعالیٰ کی نشانیوں کے بارے میں تدبر اور نعمتوں پر شکر گذاری کا سلیقہ ، حمد و ستائش پرودگار، مالک حقیقی کی بارگاہ میں گریہ و زاری کرنا اور اپنے گناہوں کا اعتراف کرتے ہوئے معافی کا طلبگار ہونا، اپنے اندر اچھی صفات کو پیدا کرنا اور اچھے اعمال کی انجام دہی،شامل ہیں۔
نیک حاجات کی قبولیت کی درخواست جو محمد و آل محمد پر درود سے شروع ہوتی ہے جس میں نور ہدایت کا حصول، رحمت واسعہ، وسعت رزق ، برکت، سعادت اخروی اور دوسری دعائیں شامل ہیں۔
حقیقت میں عرفہ کا دن خود شناسی سے خدا شناسی تک کے مسیر کو طے کرنے کا دن ہے۔ اخلاقی فضائل اور معنوی تکامل کے حصول لئے اصل و اساس، خود شناسی اور معرفت نفس ہے۔ جب تک انسان اس مشکل اور دشوار سفر کو طے نہ کرے تب تک کسی بھی معنوی مقام تک انسان کی رسائی ممکن نہیں۔ اسی سبب سے علمائے اخلاق خود شناسی کو اہمیت دینے کی بیحد تاکید کرتے ہیں اور اس سے غفلت نہ برتنے کا حکم دیتے ہیں۔
عرفہ کا دن انسان سالوں کے فاصلے لمحوں میں کم کر سکتا ہے اور خود شناسی سے خدا شناسی تک رسائی حاصل کر سکتا ہے
اللہ(جل جلالہ) سے دعا کرتے ہیں کہ وہ ہمیں اس دن کی معرفت عطا کرے اور اسکے برکات سے کما حقہ فائدہ اٹھانے کی توفیق عنایت کرے۔ آمین یا رب العالمین
بحق محمد و الہ الطاھرین(ع)